مشرق وسطی کے 7 بڑے ایئرپورٹس پر ایک دن میں 3400 پروازیں منسوخ

کراچی، اسلام آباد، لاہور (نمائندگان)امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ کے سات بڑے ایئرپورٹس پر ایک دن میں 3400 پروازیں منسوخ ہو گئیں، جبکہ پاکستان سے مشرق وسطیٰ کیلئےتمام 200 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

لبنان کا فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال ہوا، لیکن 9 ملکوں کی فضائی حدود مزید بند رہی۔ ایران، امارات، قطر، بحرین، کویت، عراق، شام، اردن اور اسرائیل کی فضائی حدود مکمل بند ہیں، جبکہ لبنان کے بیروت ایئرپورٹ سے جزوی بحالی میں 34 پروازیں آپریٹ کی گئیں۔

کراچی سے دبئی، شارجہ، دوحہ، نجف، استنبول، ابوظہبی، مسقط، بحرین، تہران کی 52 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ لاہور سے ابوظہبی، دمام، تہران، دبئی، دوحہ، مسقط، راس الخیمہ، شارجہ اور بحرین کی 40 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

اسلام آباد سے دبئی، دوحہ، دمام، مسقط، کویت، ابوظہبی، ریاض، بحرین، شارجہ کی 36 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ پشاور سے دوحہ، دبئی، ابوظہبی، شارجہ، جدہ کی تمام 18 غیر ملکی پروازیں منسوخ ہوئیں۔

ملتان سے دوحہ، مسقط، ابوظہبی، شارجہ، دبئی، جدہ کی 22 پروازیں اور فیصل آباد سے دبئی، شارجہ، ابوظہبی کی تمام 12 غیر ملکی پروازیں منسوخ کی گئیں۔ سیالکوٹ سے ابوظہبی، جدہ، دبئی، شارجہ، دمام، مسقط کی 12 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ کوئٹہ سے دبئی کی آج کی 2 غیر ملکی پروازیں بھی منسوخ کی گئیں۔

امارات، اتحاد اور قطر ایئر ویز نے فلائٹ آپریشن کل تک معطل رکھنے کا اعلان کیا، اماراتی ایئرلائن نے دبئی کے تمام آپریشنز کل شام 3 بجے تک معطل کیے، جبکہ قطر ایئرلائن انتظامیہ اگلا لائحہ عمل کل صبح 9 بجے جاری کرے گی۔

پروازوں کے متبادل کیلئےپاکستان اور افغانستان کی فضائی حدود میں اوور فلائنگ میں اضافہ ہوا۔ سعودی عرب کی فضائی حدود کھلی ہیں اور ایئرپورٹس کا فلائٹ آپریشن نارمل ہے۔ ترکیہ اور سعودیہ کے فلائٹ آپریشن بحال ہو چکے ہیں، ترکیہ کی ایئرلائن دوردراز کے روٹس اختیار کر رہی ہے۔