معاہدے کی ناکامی کے بعد بی سی پبلک سروس ورکرز کی وینکوور میں ریلی کا اعلان

وینکوور — (کینیڈین پریس/سی بی سی نیوز)برٹش کولمبیا جنرل ایمپلائز یونین (بی سی جی ای یو) نے کہا ہے کہ 34 ہزار سرکاری ملازمین کی نمائندگی کرنے والی یونین بدھ کو وینکوور میں بڑی ریلی کرے گی۔ معاہدے کی بات چیت ناکام ہونے کے بعد ہزاروں ملازمین وینکوور آرٹ گیلری سے مارچ شروع کریں گے جو وینکوور کنونشن سینٹر پر اختتام پذیر ہوگا۔

بی سی جی ای یو نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے ساتھ دیگر یونینوں کے اراکین بھی شریک ہوں گے تاکہ حکومت کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ ملازمین متحد ہیں اور پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ یونین کے مطابق تقریباً 15 ہزار ملازمین پہلے ہی کسی نہ کسی شکل میں احتجاجی اقدام کا حصہ بن چکے ہیں۔

یونین کے صدر پال فنچ نے کہا کہ وہ حکومت کی دعوت پر مذاکرات کی میز پر واپس آئے تھے مگر بات چیت دوبارہ ناکام ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے پیش کی گئی نئی تجویز میں اجرت میں اضافہ پچھلی پیشکش سے بہت معمولی تھا۔

فنچ نے کہا، “میرے خیال میں یہ ایک سستا حربہ تھا، اگر حکومت کچھ نیا پیش کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی تو مذاکرات کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔”

یونین نے کہا ہے کہ وہ دو سال کیلئےمجموعی طور پر 8.25 فیصد اجرت میں اضافے کا مطالبہ کر رہے تھے، تاہم حکومت نے دو سال کیلئے صرف پانچ فیصد اضافے کی پیشکش کی۔

وزیر خزانہ برینڈا بیلی نے یونین کے دعوے سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے واقعی نئی پیشکش کی ہے، لیکن یہ ایسا وقت نہیں ہے جب اجرتوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ اس وقت شدید مالی دباؤ کا شکار ہے اور معاہدہ ایسا ہونا چاہیے جو انصاف پر مبنی ہو مگر کسی بھی قیمت پر نہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں