معرکۂ حق میں نمایاں خدمات پر سول و عسکری شخصیات کو اعلیٰ اعزازات سے نوازا گیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارت کے خلاف معرکۂ حق میں شاندار کارکردگی دکھانے والی ممتاز سول و عسکری شخصیات کو اعلیٰ قومی اعزازات سے نوازا۔ ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والے افراد کو نشانِ امتیاز، ہلالِ جرات، ہلالِ امتیاز، ستارۂ جرات، ستارۂ امتیاز، تمغۂ جرات اور تمغۂ بسالت عطا کیے گئے۔

تقریب میں سفارتی میدان میں پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کرنے پر اسحٰق ڈار، سندھ طاس معاہدے پر مضبوط مؤقف اپنانے پر اعظم نذیر تارڑ، اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر وزیر دفاع خواجہ آصف کو نشانِ امتیاز دیا گیا۔ معرکۂ حق کے دوران بہترین اطلاعاتی ترسیل پر عطا اللہ تارڑ، داخلی استحکام پر محسن نقوی، تذویراتی شعبے میں کارکردگی پر احسن اقبال، قومی اتفاق و ہم آہنگی پر رانا ثنا اللہ اور عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف اجاگر کرنے پر بلاول بھٹو زرداری کو بھی نشانِ امتیاز سے نوازا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مشکل حالات میں فوجی قیادت پر ہلالِ جرات، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل عاصم ملک سمیت متعدد اعلیٰ عسکری افسران کو مختلف اعزازات دیے گئے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو فضائی جنگ میں شاندار کارکردگی پر ہلالِ جرات اور شیر دل جوانوں کو ستارۂ جرات عطا کیا گیا۔

شہداء میں لانس حوالدار عامر شیراز، سپاہی عدیل اکبر، کیپٹن علی حسن اور دیگر کو تمغۂ جرات و بسالت دیا گیا، جبکہ شہداء کے اعزازات ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔

معرکۂ حق کے دوران میڈیا میں مثبت کردار پر وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز، تقریر نویس راشد محمود ملک، میڈیا آفیسر حماد حسن اور معروف صحافی حامد میر، محمود شامی، منصور علی خان، جاوید چوہدری، سلیم صافی، وسیم بادامی اور عامر الیاس رانا کو بھی تمغۂ امتیاز سے نوازا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں