معلوم ہے کس نے ہٹوایا لیکن کہوں گا نہیں:گورنر سندھ کامران ٹیسوری

کراچی (نامہ نگار) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کوئی بھی ساری زندگی کسی منصب پر نہیں رہتا، میں گونگا بہرا یا ڈمی گورنر نہیں تھا اور نہ رہنا چاہتا ہوں۔ کہہ سکتا ہوں کس نے ہٹوایا لیکن کہوں گا نہیں۔گورنر ہاؤس کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج لاہور قلندر کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے، جس سے نوجوانوں کو لاہور قلندر کی ٹیم میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، یہ خبر سن کر کہیں دبک نہیں گیا اور میڈیا کا سامنا کیا۔ گورنر ہاؤس آ کر وعدہ کیا تھا کہ کام کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ گل پلازہ کے لیے آواز اٹھانے پر اگر سزا دی جا رہی ہے تو دے دیں، لیکن گورنر ہاؤس میں جاری کاموں کو روکنا نہیں چاہیے۔ کراچی میں میرا گھر سب کے لیے کھلا ہے۔

گورنر نے کہا کہ یہ ان کی گورنر ہاؤس میں لوگوں کے لیے آخری افطار ہے اور آئی ٹی کی تعلیم حاصل کرنے والے 50 ہزار بچوں کے مستقبل کے بارے میں نئے گورنر کو سوچنا ہوگا۔گورنر سندھ نے ایم کیو ایم پاکستان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں گورنر نامزد کیا اور دوبارہ کہا: کہہ سکتا ہوں کس نے ہٹوایا لیکن کہوں گا نہیں۔