مقصد صرف بنگلادیش کو عزت دلانا تھا، تمام مطالبات مان لئے: محسن نقوی

پشاور (نامہ نگار) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کا مقصد صرف بنگلادیش کو عزت دلانا تھا اور اس سلسلے میں تمام مطالبات تسلیم کیے گئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس اقدام کے پیچھے ذاتی کوئی مقصد نہیں تھا اور بنگلادیش کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو اجاگر کرنا بنیادی ہدف تھا۔

محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ روز حکومت پاکستان نے سری لنکا کے صدر کی درخواست پر قومی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دی، جس سے یہ اقدام مزید مؤثر ہوا۔

ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ قومی ٹیم کے 60 فیصد کھلاڑی خیبر پختونخوا سے تعلق رکھتے ہیں اور بورڈ خیبر پختونخوا کے ساتھ مل کر ڈومیسٹک کرکٹ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہا ہے تاکہ مقامی ٹیلنٹ ضائع نہ ہو اور کرکٹ کے لیے اچھی خبریں فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان سب سے پہلے ہے اور سب مل کر اس کیخلاف کام کر رہے ہیں۔ اسلام آباد میں حالیہ واقعے میں کے پی پولیس نے اہم کردار ادا کیا۔محسن نقوی نے مزید بتایا کہ ایپکس کمیٹی کی میٹنگ اور اس کی فالو اپ میٹنگ ہو چکی ہیں اور میٹنگ کی تفصیلات جلد شیئر کی جائیں گی۔