ملتان سلطانز کو پی سی بی کی جانب سے نیا پی ایس ایل کنٹریکٹ نہ ملنے کا انکشاف

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپلائنس پالیسی پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے فرنچائز کو نیا کنٹریکٹ موصول نہیں ہوا

کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز مینجمنٹ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے نیا کنٹریکٹ نہ ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز نے پی سی بی کی کمپلائنس پالیسی پر مکمل عمل نہیں کیا، جس کے باعث انہیں نیا کنٹریکٹ نہیں دیا گیا۔ دوسری جانب، بقیہ 5 فرنچائزز یعنی کراچی کنگز، پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کو پی سی بی کی جانب سے نیا کنٹریکٹ آفر کیا گیا ہے۔

پی سی بی نے تمام فرنچائزز کو طے شدہ ویلیو کے مطابق 25 فیصد اضافے کے ساتھ کنٹریکٹ آفر کیے اور انہیں دستخط کے لیے 10 دن کا وقت دیا۔ تاہم، ملتان سلطانز کو پی ایس ایل ویلیوایشن رپورٹ بھی نہیں بھیجی گئی۔

یاد رہے کہ ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے حال ہی میں منیجمنٹ کے خلاف بیانات دیے اور پی سی بی کا لیگل نوٹس پھاڑنے کا اعلان بھی کیا تھا۔ علاوہ ازیں، ملتان سلطانز نے چیئرمین پی سی بی کو مختلف تجاویز پر مبنی خط بھی بھیجا تھا۔

دوسری جانب، پی سی بی نے پی ایس ایل کی ساتویں اور آٹھویں ٹیم کی فروخت کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ دلچسپی رکھنے والے افراد 15 دسمبر تک پروپوزل جمع کرا سکتے ہیں، جس کے بعد نیلامی کے ذریعے دو نئی ٹیمیں فروخت کی جائیں گی۔ ممکنہ ٹیموں کے لیے شہروں میں حیدر آباد، سیالکوٹ، مظفر آباد، فیصل آباد، گلگت اور راولپنڈی شامل ہیں، اور مالکان ان میں سے کسی بھی شہر کی ٹیم منتخب کر سکتے ہیں۔