ملٹن(نمائندہ خصوصی) اسمال بزنس کی ایسوسی ایٹ منسٹر نینا تانگری نے مقامی خاندانی کاروبار لا روز اسپیشلٹی فوڈز اینڈ فائن اٹالین بیکری کا دورہ کیا جہاں کمیونٹی نمائندگان نے بھی شرکت کی۔دورے کے دوران شرکاء کو بیکری میں تیار کی جانے والی روایتی اطالوی بیکری مصنوعات اور خصوصی غذائی اشیاء کے بارے میں آگاہ کیا گیا جبکہ مہمانوں نے بیکری کے کام کا عملی مشاہدہ بھی کیا۔ اس موقع پر دوستانہ ماحول میں روایتی اطالوی مٹھائی کینولی کی تیاری کا مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔

تقریب کے میزبان میگی اور کوزیمو لِزی سمیت لا روز خاندان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ گزشتہ چار دہائیوں سے یہ ادارہ ملٹن کمیونٹی میں معیاری خوراک اور بہترین خدمات کے باعث نمایاں مقام رکھتا ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ خاندانی کاروبار مقامی معیشت کے استحکام اور کمیونٹی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ اس نوعیت کے کامیاب کاروبار چھوٹے تاجروں کیلئے حوصلہ افزا مثال ہیں۔

