ملک بھر میں مسیحی برادری نے کرسمس کا تہوار مذہبی جوش و جذبے سے منایا

اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں مسیحی برادری نے کرسمس کا تہوار مذہبی جوش و جذبے سے منایا۔ اس موقع پر گرجا گھروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا اور ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی کیلئےخصوصی دعائیں کی گئیں۔

پنجاب کے شہر لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، بہاولپور، سرگودھا، وہاڑی، شکر گڑھ سمیت دیگر شہروں میں مسیحی برادری نے کرسمس کا تہوار بھرپور جوش و خروش سے منایا۔ گرجا گھروں میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا، کرسمس کے گیت گائے گئے، کیک اور دیگر مزے مزے کے کھانے تیار کیے گئے۔

سندھ کے شہر کراچی، سکھر، حیدرآباد، ٹھٹہ سمیت دیگر شہروں میں بھی کرسمس کی تقریبات منعقد ہوئیں اور گرجا گھروں میں ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔پاراچنار، بنوں، میر پور آزاد کشمیر اور دیگر شہروں میں بھی مسیحی برادری نے کرسمس کی خوشیاں مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائیں۔