ممبئی:اداکارہ کریتی سینن کی بہن نوپور سینن نے منگنی کی تصدیق کر دی

ممبئی(کلچرل ڈیسک)اداکارہ کریتی سینن کی بہن نوپور سینن نے طویل عرصے بعد گلوکار اسٹیبن بین سے اپنی منگنی کی تصدیق کر دی ہے۔ 32 سالہ نوپور سینن نے سوشل میڈیا پر بوائے فرینڈ اسٹیبن بین کے ساتھ منگنی کی تصاویر شیئر کیں، جن میں گلوکار کو گھٹنے پر بیٹھ کر نوپور کو شادی کی پیشکش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ اس موقع پر ہیروں کی انگوٹھی بھی نمایاں ہے۔

تصاویر کے پس منظر میں واضح طور پر ’’کیا تم مجھ سے شادی کرو گی‘‘ تحریر نظر آ رہی ہے، جبکہ پوسٹ کے کیپشن میں نوپور سینن نے لکھا کہ شک و شبہے سے بھرے اس جہاں میں مجھے اپنے حصے کی آسان ’’ہاں‘‘ مل گئی۔ ان تصاویر میں اداکارہ کریتی سینن بھی اپنی بہن اور ہونے والے بہنوئی کو گلے لگاتے ہوئے نظر آئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نوپور سینن اور اسٹیبن بین کے درمیان تعلقات کی افواہیں 2023ء سے گردش میں تھیں۔ منگنی کی تصدیق کے بعد فلم انڈسٹری سے وابستہ کئی معروف شخصیات، جن میں ابھیشیک بجاج، پریانکا چوہدری، کرن ٹیکر اور سچیت ٹنڈن شامل ہیں، نے جوڑے کو مبارک باد دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق نوپور سینن اور اسٹیبن بین کی شادی ادے پور میں ایک نجی اور سادہ تقریب میں ہوگی، جس میں صرف خاندان کے افراد اور قریبی دوست شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ نوپور سینن نے 2019ء میں شوبز انڈسٹری میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ تاحال اپنی شناخت بنانے میں مصروف ہیں۔