ممبئی پولیس کو وزیر اعظم نریندر مودی کو قتل کی دھمکی والا پیغام

بھارت کے وزیر اعطم نریندر مودی کو نامعلوم شخص کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہونے کے بعد سکیورٹی ادارے متحرک ہوگئے۔

انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کو وزیر اعظم نریندر مودی کو قتل کرنے کی دھمکی والا پیغام ملا، جس نمبر سے پیغام موصول ہوا اس کی لوکیشن ریاست راجستھان کے شہر اجمیر کی ہے۔نامعلوم شخص کو گرفتار کرنے کیلئےممبئی پولیس نے ٹیم تشکیل دے کر اسے اجمیر روانہ کر دیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ صبح سویرے ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن پر موصول ہونے والے واٹس ایپ پیغام میں نریندر مودی کو نشانہ بنانے کیلیے بم دھماکا کرنے کا ذکر ہے۔قانون نافذ کرنے والے ادارے کا ماننا ہے کہ دھمکی دینے والا نامعلوم شخص مبینہ طور پر ذہنی مسائل کا شکار ہے یا اُس وقت نشے کی حالت میں تھا تاہم تفتیش جاری ہے۔

بھارتیہ نیا سنہتا سیکشن کے تحت دھمکی دینے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ یاد رہے کہ ممبئی ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن پر ماضی میں بھی کئی بار ایسے پیغامات موصول ہو چکے ہیں۔

نریندر مودی اس الیکشن میں بھارت کے تیسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب کیے گئے۔ گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما پہلی بار 2014 میں وزیر اعظم بنے تھے۔لوک سبھا انتخابات کے بعد مرکز میں بی جے پی کے زیرِ قیادت این ڈی اے کے اقتدار کے بعد وہ 2019 میں دوسری بار وزیر اعظم بنے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں