واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں یقین دلایا ہے کہ بھارت روس سے تیل کی خریداری بند کر دے گا، جبکہ انہوں نے چین سے بھی روسی تیل کی خریداری روکنے کی توقع ظاہر کی ہے۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں پریس کانفرنس کے دوران نئی دہلی کی جانب سے روسی تیل کی مسلسل خریداری پر اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے انہیں یقین دلایا کہ بھارت روس سے تیل نہیں خریدے گا، جسے ٹرمپ نے ماسکو کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی کوششوں میں ’ایک بڑا قدم‘ قرار دیا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ یہ اقدام مشرق وسطیٰ میں حالیہ غزہ جنگ بندی اور امن کانفرنس کے بعد کیے گئے اقدامات سے کہیں آسان ہوگا، جن میں کئی فریقین نے ان کے امن منصوبے کی توثیق کی۔
ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے مابین مئی میں ہونے والے تنازع کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس دوران ’7 بھارتی طیارے مار گرائے گئے تھے‘۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے تبصرے کو بھی یاد کیا، جن میں انہوں نے کہا تھا کہ ’آپ نے لاکھوں جانیں بچائیں‘۔ صدر ٹرمپ کے مطابق یہ بات ممکنہ ایٹمی جنگ کے خدشے کے حوالے سے کی گئی تھی۔

