نوآکشوط(اے ایف پی) موریطانیہ کے ساحل کے قریب تارکین وطن سے بھری ایک کشتی ڈوبنے کے دلخراش واقعے میں 49 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ تقریباً 100 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ مقامی کوسٹ گارڈ کے مطابق اب تک 17 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے جبکہ برآمد ہونے والی لاشوں کی تدفین کر دی گئی ہے۔
کوسٹ گارڈ کے ایک اعلیٰ اہلکار نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ کشتی میں تقریباً 160 افراد سوار تھے جو ایک ہفتہ قبل مغربی افریقی ملک گیمبیا سے یورپ کی جانب روانہ ہوئے تھے۔ سوار ہونے والوں میں اکثریت کا تعلق گیمبیا اور سینیگال سے تھا۔
اہلکار نے مزید بتایا کہ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب کشتی نوآکشوط سے تقریباً 80 کلو میٹر شمال میں ایک قصبے کی روشنیاں دیکھ کر مسافروں نے ایک ہی طرف جھکنا شروع کیا، جس کے نتیجے میں کشتی الٹ گئی۔
امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور حکام کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سمندری اور فضائی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔یہ واقعہ ایک بار پھر اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ افریقی ممالک سے یورپ جانے کی خطرناک سمندری راہیں کس قدر جان لیوا ہیں۔

