مونٹریال،اوٹاوا:”کینیڈا ریل کی بندش: CN کے کارکنان پیر کو ہڑتال کریں گے”

مونٹریال،اوٹاوا:کینیڈین نیشنل ریلوے (CNR.TO) کے کارکنان کی نمائندگی کرنے والی یونین نے جمعہ کو اعلان کیا کہ وہ اگلے ہفتے ہڑتال کریں گے۔ اس اعلان نے معیشت کو ایک نیا خطرہ لاحق کر دیا ہے کیونکہ یونین نے حکومت کے اس فیصلے کو چیلنج کرنے کا عزم کیا ہے جس کے تحت ریلوے بندش کو ختم کیا گیا تھا۔
ٹیمسٹرز یونین نے اطلاع دی ہے کہ مونٹریال میں قائم CN کے کنڈکٹرز، لوکوموٹیو انجینئرز اور دیگر کارکنان پیر کے روز ہڑتال کریں گے، یہ کارکنان جمعہ کو ہی کام پردوبارہ واپس آئے تھے۔ہڑتال کایہ اعلان کینیڈا کی دو بڑی ریلوے کمپنیوں کے درمیان جاری مزدور تنازعے کا تازہ موڑ ہے، جنہوں نے جمعرات کو 9,000 سے زیادہ یونینائزڈ کارکنوں کو کام سے نکال دیا، جس کے نتیجے میں ایک ساتھ ریلوے سروس کی بندش ہوئی۔ کاروباری گروہوں نے خبردار کیا ہے کہ یہ اقدام معیشت کو سینکڑوں ملین ڈالر کا نقصان پہنچا سکتا ہے۔

کینیڈا، جو رقبے کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے، مختلف قسم کی اشیاء اور سامان کی ترسیل کے لیے ریلوے پر شدید انحصار کرتا ہے۔ کاروباری اور زرعی گروہوں نے اوٹاوا پر زور دیا کہ وہ جلد اقدام کرے۔
وزیرمحنت اسٹیون میک کینن نے جمعرات کو معیشت کو لاحق خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے ملک کے صنعتی تعلقات بورڈ سے درخواست کی کہ وہ اس بندش کو ختم کرنے کا حکم دے اور یونین، CN اور ان کے حریف کینیڈین پیسفک کنساس سٹی (CP.TO) پر پابند ثالثی مسلط کرے۔
ٹیمسٹرز کینیڈا کے صدر فرانسوا لاپورٹ نے میک کینن کے اعلان کو ناقابل قبول قرار دیا۔ انہوں نے کہا”معاہدہ کرنے کا بہترین طریقہ مذاکرات کی میز پر ہوتا ہے۔ ہم یہ نہیں مانتے کہ کوئی تیسرا فریق ہمارے کام کرنے کے حالات کا فیصلہ کرے۔” یہ بات انہوں نے CPKC کے کیلگری ہیڈکوارٹر کے باہر ایک احتجاجی مظاہرے میں صحافیوں سے کہی۔انہوں نے کہا کہ اگر کام پر واپسی کا حکم دیا گیا تو “ہمارے لوگ پھر بھی ہڑتال پر ہوں گے۔ ہم سڑکوں پر ہوں گے، اس لیے آپریشنز دوبارہ شروع نہیں ہوں گے۔ دونوں کمپنیوں کے لیے کاروبار معمول کے مطابق نہیں چلے گا۔”ٹیمسٹرز نے کہا کہ وہ اب بھی ہفتے کے آخر میں CN کے ساتھ مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہیں اور وہ کسی بھی مسئلے کو ناقابل حل نہیں سمجھتے۔ یونین اور کمپنیاں حفاظتی اقدامات اور شیڈولنگ جیسے معاملات پر متفق نہیں ہیں۔کینیڈین حکومت کے ایک عہدیدار نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

ٹرینیں دوبارہ چلنے لگیں
CN کے ترجمان نے کہا کہ ٹرینیں چلنا شروع ہو چکی ہیں اور کمپنی کا آپریشنز دوبارہ شروع کرنے کا منصوبہ جاری ہے۔ CN کے ترجمان جوناتھن ابیسیس نے کہا “ہم کام پر واپس آنے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ٹیمسٹرز احتجاج کی لائن پر واپس جانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔”
اوٹاوا کے جمعرات کو بندش ختم کرنے کے اقدام کے بعد بھی CPKC کی تالا بندی باضابطہ طور پر ختم نہیں ہوئی۔ یہ پہلی بار تھا کہ دونوں ریلوے کمپنیوں نے ایک ساتھ اپنے آپریشنز بند کیے۔وزیرمحنت اسٹیون میک کینن نے جمعرات کو کہا کہ انہیں امید ہے کہ صنعتی تعلقات بورڈ جلد ہی کوئی فیصلہ جاری کرے گا۔ ٹیمسٹرز نے سوشل میڈیا سائٹ X پر کہا کہ یونین اور ریلوے کے عہدیداروں نے جمعہ کی صبح CIRB جو ایک آزاد ادارہ ہے، کے ساتھ ملاقات کی۔
ٹیمسٹرز کے ترجمان کرس مونیٹ نے پہلے دن کہا کہ یونین وزیر کے حوالہ کو آئینی طور پر چیلنج کرے گی، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔میک کینن نے اعتماد ظاہر کیا کہ ان کا حوالہ عدالت میں چیلنج کے باوجود برقرار رہے گا، کیونکہ انہیں ملک کے لیبر کوڈ کے تحت وسیع اختیارات حاصل ہیں۔
انہوں نے کہا، “میں تصور بھی نہیں کر سکتا کہ یہ زیادہ عملی یا مناسب طریقے سے استعمال ہو سکتا ہے جیسا کہ دو قومی ریلوے کمپنیوں کے آپریشنز بند ہونے کی صورت میں ہوا ہے۔ اس لیے ہم نے جس راستے کا انتخاب کیا ہے اس کے بارے میں ہمیں بہت زیادہ یقین ہے۔”

مونیٹ نے کہا کہ CN کے کارکن جمعہ کو کام پر واپس آئیں گے، حالانکہ یونین کو ریلوے کی جانب سے کوئی واپسی کا پروٹوکول موصول نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے کہا، “آج صبح کام پر واپسی افراتفری کا شکار ہو گی۔”مونیٹ نے کہا کہ CPKC کے کارکن کام پر واپس نہیں آئیں گے کیونکہ ریلوے نے ابھی تک اپنی تالا بندی ختم نہیں کی ہے۔CPKC نے جمعرات کی رات دیر گئے کہا کہ وہ کینیڈا میں آپریشنز دوبارہ شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے اور وقت کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی جب اسے CIRB کا حکم موصول ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں