مونٹریال: 6 ماہ تک گھر میں لاش رکھنے والے بھائی جیل سے بچ گئے

مونٹریال (نامہ نگار) ذرائع ابلاغ کے مطابق مونٹریال میں ایک انوک خاتون کی لاش چھ ماہ تک گھر کے صوفے پر رکھنے والے دو بھائیوں کو قید کی سزا سے بچا لیا گیا۔عدالت کے مطابق فرانچیسکو سانسالونے کو 10 ماہ کی سزا سنائی گئی جو وہ کمیونٹی میں مختلف شرائط کے ساتھ پوری کرے گا جبکہ اس کے بھائی نیکودیمو سانسالونے کو تین سال پروبیشن، 50 گھنٹے سماجی خدمت اور پہلے سے کاٹی گئی 70 روزہ قید کی سزا سنائی گئی۔

دونوں بھائیوں نے مئی 2025 میں 41 سالہ انوک خاتون الاسی ٹکیاپک کی لاش کی بے حرمتی کا جرم قبول کیا تھا۔ خاتون کا تعلق Kangiqsujuaq (نوناویک) سے تھا۔کیوبک کی عدالت کے جج Pierre Labelle نے قرار دیا کہ فرانچیسکو کے ذہنی مسائل جرم میں ایک اہم عنصر تھے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق الاسی ٹکیاپک فروری 2023 میں دونوں بھائیوں کے گھر میں انتقال کر گئی تھیں۔ وہ فرانچیسکو کے ساتھ تعلق میں تھیں اور وفات سے قبل علیل تھیں۔ تاہم دونوں بھائیوں نے حکام کو اطلاع دینے کے بجائے لاش کو صوفے پر ہی رہنے دیا، بدبو چھپانے کیلئے ایئر فریشنر استعمال کرتے رہے اور کمرے سے گریز کرتے رہے۔

خاتون کے اہل خانہ نے جب تلاش شروع کی تو بھائیوں نے انہیں گھر میں داخل ہونے نہیں دیا۔ بالآخر ستمبر 2023 میں خاندان نے پولیس سے رابطہ کیا۔ پولیس نے گھر پہنچ کر صوفے پر کمبل سے ڈھکی انسانی جسامت دیکھی اور کمبل ہٹانے پر لاش برآمد ہوئی، جس پر نیکودیمو کو گرفتار کر لیا گیا۔ بعد ازاں اکتوبر 2023 میں فرانچیسکو کو ایک شاپنگ مال سے گرفتار کیا گیا۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق لاش کی حالت خراب ہونے کے باعث موت کی وجہ کا تعین نہ ہو سکا۔ تاہم جسم پر متعدد پٹیاں اور کاغذی تولیے پائے گئے۔ کسی واضح زخم یا شدید چوٹ کے آثار سامنے نہیں آئے۔