صوابی/پشاور/ملتان/کراچی (نمائندگان+ایجنسیاں) ملک میں مون سون بارشوں کے نئے طاقتور اسپیل کا آغاز ہوگیا ہے جس کے باعث خیبرپختونخوا، پنجاب اور دیگر علاقوں میں شدید بارشوں سے تباہی پھیل گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں مختلف حادثات میں کم از کم 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، جبکہ اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوابی کے علاقے داروڑی میں بادل پھٹنے کے بعد درجنوں گھر ڈوب گئے، شہری گھروں کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔ اب تک 70 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کے مطابق 22 سے 25 افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

صوابی کی تحصیلوں رزڑ، لاہور اور ٹوپی میں بھی طوفانی بارش کے باعث گھروں میں پانی داخل ہوگیا، کئی مقامات پر شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکاسی آب شروع کردی۔ سٹیفہ موڑ گدون میں سیلابی ریلے میں متعدد افراد پھنس گئے، جہانگیرہ روڈ، امبار اور کنڈہ موڑ پر بھی پانی بھر جانے سے آمدورفت شدید متاثر ہوئی۔ تورڈھیر میں نجی اسکول کی دیوار گرنے اور ایک وین کے چھت تک پانی میں ڈوبنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔
نوشہرہ کی تحصیل پبی میں مکان کی خستہ حال چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔ پشاور میں موسلادھار بارش کے بعد یونیورسٹی روڈ، کوہاٹ روڈ، صدر بازار اور قصہ خوانی سمیت کئی علاقے زیرآب آگئے۔
سوات کے مینگورہ شہر اور بالائی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہوگئی ہے، ہری پور میں کھولیاں بالا کا برساتی نالہ بڑے ریلے کی شکل اختیار کرگیا، جس کے نتیجے میں شاہراہ قراقرم بند ہوگئی اور ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا۔ ایبٹ آباد اور اطراف کے علاقے جھیل کا منظر پیش کر رہے ہیں جبکہ لورا ندی ہرو پر پل بیٹھ جانے سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی بارشوں نے نشیبی علاقوں کو متاثر کیا ہے۔ ملتان میں شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا، مری میں گلی محلے زیرآب آگئے، چکوال کی تحصیل کلر کہار، وہاڑی اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال دیکھنے میں آئی۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی صبح اور دوپہر کے وقت کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ہزارہ ڈویژن، پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بادل پھٹنے کا خطرہ موجود ہے۔ شہریوں اور سیاحوں کو دریا کے کناروں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا موجودہ اسپیل 23 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، اس دوران کراچی سمیت مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

