مہنگائی سے نمٹنے کیلئےنیا “کینیڈا گروسریز اینڈ ایسینشل بینیفٹ” متعارف کرا دیا ہے:منیندر سدھو

اوٹاوا(کینیڈین پارلیمنٹ/نمائندہ خصوصی) برامپٹن ایسٹ سے رکنِ پارلیمنٹ اور پرائیوی کونسل کے رکن منیندر سدھو نے پارلیمنٹ میں واپسی کے پہلے روز اعلان کیا ہے کہ حکومت نے کینیڈا میں مہنگائی کے دباؤ سے نمٹنے کیلئےنیا “کینیڈا گروسریز اینڈ ایسینشل بینیفٹ” متعارف کرا دیا ہے، جس سے ملک بھر میں ایک کروڑ بیس لاکھ تک کینیڈین شہریوں کو براہِ راست ریلیف ملے گا۔

منیندر سدھو کے مطابق یہ اقدام ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب بڑے قومی منصوبے آگے بڑھ رہے ہیں، تجارتی تنوع کے اہداف پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے اور ہزاروں سستے گھروں کی تعمیر کا عمل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح یہ یقینی بنانا ہے کہ مشکل معاشی حالات میں کینیڈین عوام، خصوصاً کم اور متوسط آمدن والے طبقے، کو براہِ راست سہارا فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نیا بینیفٹ پروگرام روزمرہ ضروریات خصوصاً خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس سے برامپٹن کے شہریوں سمیت ملک بھر کے کینیڈین خاندان مستفید ہوں گے۔منیندر سدھو نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں عوامی فلاح سے متعلق مزید اقدامات کا اعلان کیا جائیگا اور حکومت کینیڈین عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔