میئر کراچی 23 گھنٹے بعد تباہ شدہ گل پلازا پہنچے، شہریوں کا استعفیٰ کامطالبہ

کراچی(نمائندگان)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب 23 گھنٹے بعد آگ سے شدید تباہ ہونے والی عمارت گل پلازا پہنچے، جہاں ان کی آمد پر شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے نعرے لگائے۔

میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کچھ شہری احتجاج کر رہے ہیں اور نعرے لگا رہے ہیں، ہم عوام کی تکلیف کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آگ پر مکمل کنٹرول اور کولنگ کا عمل کب مکمل ہوگا، اس بارے میں وقت نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے مطابق ایک راستے سے فائر فائٹرز داخل ہو سکتے ہیں۔

میئر نے مزید کہا کہ لاپتا افراد کو بچانے کی کوشش جاری ہے اور عمارت کے پیچھے سے بھی ریسکیو آپریشن کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے سے فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ تقریباً 65 افراد لاپتا ہیں اور رش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے افسوس کے ساتھ کہا کہ ایک فائر فائٹر دوران ڈیوٹی شہید ہو گیا۔

میئر کراچی نے کہا کہ عوام جذباتی ہیں اور ان کے دکھ کو سمجھتا ہوں، مجھ پر تنقید کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ فائر بریگیڈ صبح 10 بجکر 27 منٹ پر کال ملنے کے 15 منٹ بعد پہنچ گئی تھی، اس لیے فائر بریگیڈ کے وقت پر نہ پہنچنے کی بات درست نہیں۔

گل پلازا کے دورے کے بعد میئر کراچی قریب موجود ڈی سی آفس گئے، جہاں بھی ڈی سی آفس کے باہر شہریوں نے احتجاج کیا۔