میامی(سپورٹس ڈیسک)ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے اپنے کیریئر کا 900واں گول اسکور کر کے مرد فٹبال کے ایلیٹ کلب میں شامل ہو گئے۔ یہ سنگِ میل میسی نے انٹر میامی سی ایف کی جانب سے نیش وِل ایس سی کے خلاف کونکاکاف چیمپئنز کپ کے میچ میں حاصل کیا، جو 1-1 سے برابر رہا۔
38 سالہ میسی نے 2005ء میں 17 سال کی عمر میں ایف سی بارسیلونا کے لیے پہلا گول کیا تھا، اور اب 21 سالہ کیریئر میں 1142 میچوں میں یہ 900واں گول اسکور کیا۔ انٹر میامی کے کوچ ہاویئر ماسچرانو نے میسی کی کارکردگی کو ناقابلِ یقین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا ریکارڈ ہے جس کا تصور بھی مشکل ہے، اور یہی وجہ ہے کہ لیونل منفرد ہیں۔
میسی نے یہ سنگِ میل تقریباً 100 میچز کم میں حاصل کیا، جبکہ کرسٹیانو رونالڈو نے ستمبر 2024ء میں 1236 میچوں میں یہ حد عبور کی تھی اور اب 965 گولز کے ساتھ فہرست میں سرفہرست ہیں، جبکہ ان کا ہدف 1000 گول مکمل کرنا ہے۔

