میسی کی آمد پر کولکتہ اسٹیڈیم میں شدید بدنظمی، توڑ پھوڑ، تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل

کولکتہ (غیر ملکی میڈیا)بھارتی شہر کولکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کی آمد پر ناقص انتظامات کے باعث شدید بدنظمی اور توڑ پھوڑ کے واقعات پیش آئے، جس کے نتیجے میں فٹ بالر مداحوں سے ملے بغیر ہی واپس روانہ ہو گئے، جبکہ واقعے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیونل میسی بھارت کے تین روزہ دورے پر کولکتہ پہنچے تھے جہاں انہوں نے لیک ٹاؤن میں واقع شری بھومی اسپورٹنگ کلب میں نصب اپنے 21 میٹر بلند مجسمے کی نقاب کشائی کی، تاہم یہ تقریب آن لائن منعقد کی گئی۔ بعد ازاں میسی جب سالٹ لیک اسٹیڈیم پہنچے تو وہاں شدید بدنظمی، دھکم پیل اور توڑ پھوڑ کے باعث وہ چند منٹ ہی اسٹیڈیم میں قیام کر سکے، جس پر شائقین میں شدید مایوسی پھیل گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اسٹیڈیم میں موجود ایک شائق نے کہا کہ ایونٹ انتہائی ناقص انداز میں منعقد کیا گیا، میسی کے گرد سیاسی رہنماؤں اور وزراء کا ہجوم تھا جس کے باعث عام شائقین انہیں دیکھ بھی نہ سکے۔ شائقین نے شکایت کی کہ میسی نے نمائشی فٹبال نہیں کھیلی.منتظمین کی جانب سے بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کی آمد کے دعوے بھی پورے نہ ہو سکے، جس پر شائقین نے وقت، پیسے اور جذبات ضائع ہونے پر ناراضی کا اظہار کیا۔

واقعے کے بعد ریاستی حکام نے لیونل میسی اور ان کے مداحوں سے باقاعدہ معذرت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی قائم کی جا رہی ہے۔ یہ کمیٹی ریٹائرڈ جسٹس اشیم کمار رائے کی سربراہی میں کام کریگی، جس میں چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ہوم اینڈ ہِل افیئرز) بھی شامل ہونگے۔ کمیٹی واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داران کا تعین اور آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کیلئے سفارشات پیش کرے گی۔

دوسری جانب میسی کے قیام کے ہوٹل کے باہر بڑی تعداد میں شائقین جمع ہو گئے، جس کے باعث سیکیورٹی صورتحال کشیدہ ہو گئی۔ پولیس حکام کے مطابق ہجوم کو منتشر کرنے اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے معمولی لاٹھی چارج اور دیگر اقدامات کرنا پڑے۔