مینگورہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 4.2 ریکارڈ

مینگورہ (نامہ نگار)ضلع سوات میں مینگورہ اور گردونواح کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر شدت 4.2 ریکارڈ ہوئی، مرکز تاجکستان-افغانستان بارڈر جبکہ گہرائی 185 کلومیٹر تھی۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں مینگورہ اور قریبی علاقوں میں بدھ کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ خوف زدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.2 ریکارڈ ہوئی جبکہ اس کا مرکز تاجکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے میں تھا۔ زیر زمین گہرائی 185 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

خیال رہے کہ 2 ستمبر کو بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پشاور، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور پنجاب کے بعض شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جن کی شدت 5.4 اور گہرائی 22 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔

ان جھٹکوں کے نتیجے میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے لوگ مزید خوف و ہراس کا شکار ہو گئے تھے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں