لاہور (سپورٹس ڈیسک) – پاکستان نے ایشیا کپ کے بقیہ میچز کھیلنے کیلئے شرط رکھ دی اور واضح کیا کہ اگر میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو فوری طور پر نہ ہٹایا گیا تو قومی ٹیم ایشیا کپ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیلے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے اور میچ ریفری کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق میچ ریفری نے ضابطہ اخلاق اور ایم سی سی کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے باضابطہ طور پر فیصلہ کر لیا ہے کہ میچ ریفری کے ہٹانے تک پاکستان ایشیا کپ میں اپنے بقیہ میچز نہیں کھیلے گا۔
چیئرمین پی سی بی اور ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ٹوئٹ میں لکھا کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو آگاہ کیا ہے کہ میچ ریفری کے رویے نے کھیل کے اصولوں اور اسپرٹ کو نقصان پہنچایا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے بھارتی ٹیم پر بھی جرمانے عائد کیے جانے کا امکان ہے، کیونکہ گزشتہ روز پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھارتی کھلاڑیوں نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہیں کیا تھا۔
پاکستان ٹیم کے ترجمان نے بتایا کہ ٹاس کے وقت بھی میچ ریفری نے دونوں کپتانوں کو ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت دی تھی جبکہ پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے اس رویے کیخلاف اختتامی تقریب میں احتجاجاً شرکت نہیں کی۔
اس کے علاوہ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے میچ کے بعد کرکٹ میں سیاست کو شامل کرتے ہوئے جیت کو پہلگام واقعے کے نام کیا اور کہا کہ ’’پاکستان کے خلاف جیت بھارتی فوج کیلئے ایک تحفہ ہے‘‘۔ اس بیان کو پاکستان نے کرکٹ قوانین اور کھیل کی روح کے منافی قرار دیا ہے۔
پی سی بی نے اپنے مؤقف پر قائم رہتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک آئی سی سی مناسب کارروائی نہیں کرتا، پاکستان ٹیم ایشیا کپ کے بقیہ میچز میں شرکت نہیں کرے گی۔

