دبئی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاک-بھارت میچ کے دوران جانبدارانہ رویہ اختیار کرنے والے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو فوری طور پر ایونٹ سے ہٹانے کا مطالبہ دہرا دیا اور خبردار کیا ہے کہ اگر مطالبہ نہ مانا گیا تو پاکستان ٹیم ایشیا کپ کے بقیہ میچز نہیں کھیلے گی۔
پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو اپنے مؤقف سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے 17 ستمبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف شیڈول میچ کو میچ ریفری کی تبدیلی سے مشروط کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیرِ داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اسلام آباد میں اعلیٰ حکومتی شخصیات سے مشاورت کر رہے ہیں تاکہ پاکستان کی ایشیا کپ میں شرکت یا دستبرداری کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔ ساتھ ہی پی سی بی اور آئی سی سی کے درمیان بھی اس تنازع پر بات چیت جاری ہے۔
ادھر پی سی بی نے قومی ٹیم کی یو اے ای کے خلاف میچ سے قبل دبئی میں شیڈول پریس کانفرنس منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم کھلاڑیوں کا پریکٹس سیشن معمول کے مطابق جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ اے سی سی کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ بھارت سے تعلق رکھنے والے وینیو منیجر کے کہنے پر میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے ٹاس کے وقت قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کو مائیک میوٹ کر کے بات سننے اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادو سے ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت دی تھی۔
یاد رہے کہ آئی سی سی قواعد کے مطابق میچ ریفری براہِ راست کپتان یا کھلاڑی کو ہدایت نہیں دے سکتا بلکہ صرف ٹیم منیجر کو پیغام پہنچانے کا پابند ہے۔
اس سے قبل بھی بھارت کے خلاف میچ کے بعد بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملایا تھا جس پر کپتان سلمان علی آغا نے بطور احتجاج اختتامی تقریب میں شرکت نہیں کی تھی۔
پی سی بی نے اینڈی پائیکرافٹ کو ایونٹ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ بصورتِ دیگر پاکستان ٹیم ایونٹ میں مزید میچز کھیلنے سے انکار کر دے گی۔

