میچ کے اختتام پربھارتی ٹیم کا پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار

دبئی (اسپورٹس ڈیسک) – ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں بھارت کی پاکستان کے خلاف 7 وکٹوں کی جیت کے بعد میدان میں ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔ بھارتی کھلاڑیوں نے میچ کے اختتام پر پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا، جس پر شائقین کرکٹ اور ماہرین نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے ٹاس کے دوران بھی پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا تھا۔ میچ کے بعد جب بھارتی ٹیم نے ہدف حاصل کیا تو سوریا کمار یادیو (47 ناٹ آؤٹ) اور شیوم دھوبے (10 رنز ناٹ آؤٹ) پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے بغیر ہی ڈریسنگ روم چلے گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق بھارتی کپتان نے میدان سے باہر پہنچتے ہی اپنی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو بھی ڈریسنگ روم بلوا لیا، جب کہ پاکستان ٹیم میدان میں ہی کھڑی رہی۔ اس واقعے پر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے بطور احتجاج پوسٹ میچ پریزنٹیشن میں بھی شرکت نہیں کی۔

“کھیل میں سیاست”
پوسٹ میچ پریزنٹیشن کے دوران بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے کرکٹ قوانین کیخلاف ورزی کرتے ہوئے کہا کہ ” جیت کو پہلگام واقعے کے نام کرتا ہوں، پاکستان کیخلاف بھارتی آرمی کیلئےیہ ہماری طرف سے تحفہ ہے۔”

واضح رہے کہ آئی سی سی قوانین کے مطابق کھیل کے دوران مذہب، سیاست اور نسلی امور پر بیان دینا سختی سے منع ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں