میڈورو کی گرفتاری کے بعد آزادی کے موقع کا خیرمقدم کرتے ہیں: کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی

اوٹاوا: (کینیڈین پریس، غیر ملکی میڈیا)کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی امریکی فوجی کارروائی میں گرفتاری کے بعد کہا ہے کہ کینیڈا وینزویلا کے عوام کے لیے آزادی، جمہوریت، امن اور خوشحالی کے موقع کا خیرمقدم کرتا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مارک کارنی نے کہا کہ کینیڈا 2018 کے انتخابات چوری کیے جانے کے بعد سے مادورو کی حکومت کو ناجائز سمجھتا آیا ہے اور ان کی حکومت کے خلاف اضافی پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔

کینیڈین وزیراعظم نے واضح کیا کہ کینیڈا ایک پرامن، مذاکرات کے ذریعے اور وینزویلا کی قیادت میں ہونے والے انتقالِ اقتدار کی حمایت کرتا ہے اور تمام فریقین سے بین الاقوامی قانون کا احترام کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وینزویلا کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا خودمختار حق حاصل ہے۔
دوسری جانب کینیڈا کی کنزرویٹو پارٹی کے رہنما پیئر پوئیلیو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مادورو کی گرفتاری پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں دہشت گرد اور آمر قرار دیا، جبکہ گرین پارٹی آف کینیڈا نے اس کارروائی کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور اغوا قرار دیا۔

کینیڈین حکومت نے صورتحال کے پیش نظر وینزویلا کے لیے سفری انتباہ جاری کرتے ہوئے کینیڈین شہریوں کو ملک کا سفر نہ کرنے اور وہاں موجود افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ کینیڈا نے کہا ہے کہ تاحال کسی کینیڈین شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔