میں اُن میں سے نہیں جو ریٹائرمنٹ کے بعد دوسرے ملک کے ’محبِ وطن‘ ہو جاتے ہیں: انور مقصود

پاکستانی لیجنڈری مصنف، مزاح نگار و میزبان انور مقصود نے کہا ہے کہ پاکستان مجھے چھوڑ سکتا ہے میں پاکستان نہیں چھوڑ سکتا، میں ان لوگوں میں سے نہیں جو ریٹائرمنٹ کے بعد کسی دوسرے ملک کے ’محبِ وطن‘ ہو جاتے ہیں۔

انور مقصود آج کل کینیڈا کے شہروں کیلگری اور وینکوور میں اپنے پروگراموں میں مصروف ہیں، دونوں شہروں میں ان کے پروگراموں میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔

انور مقصود نے کہا کہ میں جب ٹورانٹو کے لیے جناح ائیرپورٹ کراچی پہنچا تو کچھ لوگوں نے پوچھا کہ آپ پاکستان چھوڑ رہے ہیں، میں جَلد پاکستان واپس آرہا ہوں، میں کینیڈا مستقل بنیادوں پر منتقل نہیں ہوا، پاکستان ہی میرے لیے سب کچھ ہے۔

انور مقصود نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ باہر والے باہر رہیں ورنہ اندر ہو جائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت نے اپنا الگ پرچم بنا رکھا ہے، سب کو پاکستان کے پرچم تلے اکٹھا ہونا پڑے گا تاکہ پاکستان کو بچایا جا سکے۔

انور مقصود نے کہا کہ میرا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے، میں پاکستانی ہوں اور پاکستان سے محبت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا دِل پاکستان میں ہے اور اصل وطن وہی ہوتا ہے جہاں دِل ہوتا ہے، پاکستان آپ کے ساتھ ہے اور ہمیشہ ساتھ رہے گا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ خوش رہیں اور ایمانداری سے کام کرتے رہیں۔

یاد رہے کہ ٹورانٹو میں ہونے والا انٹرنیشنل سینٹر مسی ساگا میں اُن کا شو کسی پاکستانی آرٹسٹ کا سب سے بڑا شو تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں