ممبئی (ایجنسیاں)بھارتی لیجنڈ اداکارہ شبانہ اعظمی نے اداکار پراتیک سمیتا پاٹل کے ساتھ ایک جذباتی ویڈیو شیئر کی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ویڈیو میں 75 سالہ شبانہ اعظمی اور 39 سالہ پراتیک کو فلم کے سیٹ پر ایک دوسرے سے گلے ملتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس فلم کی ہدایت کاری معروف شیف و فلم ساز وکاس کھنہ کر رہے ہیں۔
پراتیک آنجہانی اداکارہ سمیتا پاٹل اور اداکار و سیاستدان راج ببر کے صاحبزادے ہیں۔ سمیتا پاٹل کا انتقال 1986ء میں محض 31 برس کی عمر میں ہو گیا تھا۔
ویڈیو میں شبانہ اعظمی نے کہا کہ انہیں پراتیک کو گلے لگانے کے لیے 25 سال انتظار کرنا پڑا اور انہیں یقین ہے کہ سمیتا پاٹل آج انہیں دیکھ رہی ہوں گی۔ پراتیک نے ان کی بات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیں دیکھ کر مسکرا رہی ہیں۔سمیتا پاٹل اور شبانہ اعظمی کے درمیان گہرا تعلق تھا اور دونوں نے فلموں ارتھ اور منڈی میں ایک ساتھ اداکاری کی تھی۔
ایک پرانے انٹرویو میں پراتیک نے انکشاف کیا تھا کہ ان کی پیدائش کے دوران والدہ کے انتقال کے بعد شبانہ اعظمی اور جاوید اختر انہیں گود لینا چاہتے تھے، تاہم حالات کی پیچیدگی کے باعث یہ ممکن نہ ہو سکا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر ایسا ہو جاتا تو ممکنہ طور پر فرحان اختر ان کے سوتیلے بھائی ہوتے۔

