پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف، سینئر، تجربہ کار اور خوبصورت اداکارہ عتیقہ اوڈھو اپنے تینوں شوہروں کی خوبصورتی کی معترف نکلیں۔حال ہی میں عتیقہ اوڈھو ساتھی مزاحیہ اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں نظر آئیں جہاں انہوں نے اپنے تیسرے شوہر ثمر علی خان کے بارے میں باتیں کیں اور اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ان کے تمام شوہر دکھنے میں اچھے لگتے ہیں۔اپنے شوہر کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ مجھے اپنے بارے میں بہت سی چیزیں پسند ہیں اسی لیے میں ان کے ساتھ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ میری بات کریں تو شادی کو برقرار رکھنے کے لیے میں بہت سی خوبیاں تلاش کرتی ہوں، اس لیے میری شادی قائم ہے کیونکہ وہ بہت محنت کرتے ہیں، اس کے علاوہ جب دو لوگ ایک ساتھ رہتے ہیں، وہ دونوں ایک رشتے میں ہوتے ہیں تو اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لیکن آپ کو ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہوئے رشتے کو آگے بڑھانا ہوتا ہے۔
اداکارہ کے مطابق ثمر علی خان بہت صبر کرنے والے اور چیزوں کو درگزر کرنے والے انسان ہیں۔عتیقہ اوڈھو نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ان کے موجودہ اور سابقہ تمام شوہر دیکھنے میں بہت اچھے لگتے ہیں اور ان کے دوست بھی ان کے تمام شوہروں کی تعریف کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے خوبصورتی پسند ہے اور میں نے ہمیشہ اچھی شخصیت اور اچھے قد کے حامل مردوں کا انتخاب کیا ہے۔خیال رہے کہ عتیقہ اوڈھو کی پہلی شادی 15 برس کی عمر میں ہوئی تھی جو 10 برس چل سکی اس کے بعد انہوں نے اپنی مرضی سے دوسری شادی کی تھی مگر وہ بھی کامیاب نہ ہوسکی۔
اداکارہ اپنی مسلسل دو شادیوں میں ناکامی کے بعد جون 2012ء میں ثمر علی خان سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔ڈاکٹر ثمر علی خان 2013ء سے 2018ء تک رکن سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں۔