نئی دہلی:سنیتا ولیمز نے چاند پر جانے سے انکار کر دیا

نئی دہلی(ایجنسیاں) ذرائع کے مطابق امریکی خلائی ادارے ناسا کی سینئر خلانورد سنیتا ولیمز نے آرٹیمس II مشن کیلئے چاند پر جانے سے انکار کر دیا ہے۔ سنیتا ولیمز نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ مشن کیلئے پُرجوش ہیں اور یہ ایک بہت بڑا قدم ہے، لیکن انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا “مجھے تو چاند پر جانا اچھا لگے گا، لیکن میرے شوہر مجھے مار ڈالیں گے۔”

سنیتا ولیمز نے مزید کہا کہ اب گھر واپس آ کر اگلی نسل کو موقع دینے کا وقت آگیا ہے تاکہ وہ خلا میں اپنی تاریخ رقم کریں۔60 سالہ خلانورد نے ناسا میں 27 سالہ کیریئر کے دوران تین مختلف خلائی مشنز انجام دیے اور خلا میں مجموعی طور پر 608 دن گزارے، جس میں انہوں نے 62 گھنٹے سے زائد اسپیس واکس بھی کیں۔

ریٹائرمنٹ کے بعد سنیتا ولیمز امریکی وفاقی نظام ریٹائرمنٹ (FERS) کے تحت پینشن کی اہل ہونگی، جس کی مالیت تقریباً سالانہ 43 ہزار 200 ڈالر بتائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ انہیں امریکی سوشل سیکیورٹی اسکیم کے تحت ماہانہ ادائیگیاں، خصوصی طبی اور نفسیاتی معاونت، تاحیات ہیلتھ اور لائف انشورنس کی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔

سنیتا ولیمز نے بھارت کے دورے کو “گھر واپسی” قرار دیا کیونکہ ان کے والد کا تعلق بھارت سے تھا اور اس دوران انہوں نے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پر اپنے تجربات بھی شیئر کیے۔