نئی دہلی:کرشمہ کپور کے سابق شوہر کی دولت پر عدالتی جنگ شروع

نئی دہلی(شوبزڈیسک)ماضی کی مقبول بولی وڈ اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر آنجھانی سنجے کپور کی دولت پر ورثا کے درمیان عدالتی جنگ شروع ہوگئی جب کہ دہلی ہائی کورٹ نے ارب پتی شخص کے اثاثوں کی تمام تفصیلات طلب کرلی۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق دہلی ہائی کورٹ میں آنجھانی سنجے کپور کی سابق بیوی کرشمہ کپور اور بیوہ پریا سچدیو کپور کے بچوں اور آنجھانی کی والدہ اور بہنوں کے درمیان 30 ہزار کروڑ روپے کی ملکیت پر قانونی جنگ شروع ہوگئی۔دہلی ہائی کورٹ نے سنجے کپور کی بیوہ پریا سچدیو کو آنجھانی کی تمام ملکیت اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کروانے کی ہدایت کردی۔

دوسری جانب سے ’ٹائمز ناؤ‘ نے بتایا کہ ارب پتی شخص کی بیوہ نے عدالت کو بتایا کہ ملکیت کی معلومات انتہائی حساس ہے، اس لیے تمام فریقین سے معلومات کو خفیہ رکھنے کا حلف لیا جائے، جس پر عدالت نے تمام فریقین کو تحریری حلف نامے جمع کروانے کی ہدایت کردی۔

مذکورہ کیس میں سنجے کپور کی سابق بیوی کرشمہ کپور اپنے دو بچوں کی طرف سے جنگ لڑ رہی ہیں اور ان کا موقف ہے کہ ان کے بچوں کو باپ کی جائیداد سے حصہ ملنا چاہیے۔اسی کیس میں سنجے کپور کی بیوی پریا سچدیو کپور بھی اپنے بچوں کا حصہ مانگنے کیلئےفریق ہیں جب کہ آنجھانی کی والدہ رانی کپور اور بہن بھی فریق ہیں۔

’نیوز 18‘ کے مطابق کرشمہ کپور کے بچوں کے وکیل نے عدالت میں دعویٰ کیا کہ سنجے کپور کی بیوہ پریا سچدیو کپور پہلے ہی آنجھانی شوہر کے دو بینک اکاؤنٹس کو خالی کر چکی ہے مذکورہ دو اکاؤنٹس سے تمام رقم نکال لی گئی ہے۔

مذکورہ عدالت میں کرشمہ کپور کے بچوں نے 9 ستمبر کو درخواست دائر کی تھی اور اپنا حصہ دلوانے کی استدعا کی تھی۔درخواست میں اداکارہ کے بچوں نے والدہ سنجے کپور کی 21 مارچ کو سامنے آنے والی مبینہ وصیت کو بھی چیلنج کیا ہےجس میں ساری جائیداد پریا کپور کے نام کر دی گئی تھی۔

مذکورہ کیس میں کرشمہ کپور کے بچوں نے والدہ کو پاور آف اٹارنی دے کر اپنا وارث منتخب کر رکھا ہے اور وہ ہی ان کا کیس لڑ رہی ہیں۔کرشمہ کپور اور سنجےکپور نے 2003 میں شادی کی تھی اور 2016 میں طلاق ہو گئی تھی۔

طلاق کے بعد 2016 میں کرشمہ کپور نے سابق شوہر پر گھریلو تشدد سمیت جنسی غلامی کے سنگین الزامات بھی عائد کیے تھے۔اداکارہ نے مختلف انٹرویوز میں بتایا تھا کہ سنجے کپور نے ان سے ان کی شہرت اور دولت کی وجہ سے شادی کی تھی اور یہ کہ ان کے شوہر نے پیسوں کے عوض انہیں فروخت بھی کیا تھا۔

کرشمہ کپور نے دعویٰ کیا تھا کہ ہنی مون پر ہی ان کے شوہر نے ان پر دباؤ ڈالا تھا کہ وہ شوہر کے مرد دوستوں کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کریں۔سنجے کپور 53 برس کی عمر میں جون 2025 میں چل بسے تھے اور اب ان کی چھوڑی گی گئی 30 ہزار کروڑ روپے کی ملکیت پر جھگڑا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں