نیویارک(جہانگیر لودھی سے)نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار 21 جولائی (اتوار) کو آٹھ روزہ دورۂ امریکہ کے لیے نیویارک پہنچیں گے۔ یہ ان کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے کے بعد پہلا سرکاری دورہ ہوگا، جس میں وہ متعدد اہم اجلاسوں کی صدارت اور خطابات کریں گے۔
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اتوار 21 جولائی کو نیویارک پہنچ رہے ہیں جہاں وہ اقوام متحدہ میں ایک مصروف سفارتی شیڈول کا آغاز کرینگے۔ یہ دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی عارضی صدارت سنبھالی ہے جس کے تناظر میں اس دورے کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
اس دورے کے دوران22 جولائی کو وزیر خارجہ بطور صدر سلامتی کونسل میں عالمی امن اور تنازعات کے حل سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
24 جولائی کو وہ اقوام متحدہ اور 57 مسلم ممالک پر مشتمل او آئی سی کے تعاون سے ہونے والے اجلاس کی بھی صدارت کریں گے، جو مسلم دنیا کے اجتماعی کردار کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔
25 تا 26 جولائی کے دوران اسحاق ڈار واشنگٹن کا دورہ کریں گے، جہاں وہ امریکی محکمہ خارجہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کرینگے۔ ذرائع کے مطابق، ان کی سیکرٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔
28 جولائی کو وزیر خارجہ فلسطین میں دو ریاستی حل کے حوالے سے اقوام متحدہ میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ اس اجلاس کو موجودہ عالمی حالات میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
اسی روز وہ نیویارک میں مقامی میڈیا اور پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات اور پریس بریفنگ بھی کریں گے۔دورہ مکمل ہونے کے بعد نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار 28 جولائی کو نیویارک سے وطن واپسی کا امکان ہے۔

