لاہور : فلم انڈسٹری کے لیجنڈری موسیقار استاد الطاف حسین المعروف طافو خان طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے، ان کی نماز جنازہ کل ادا کی جائے گی۔برصغیر پاک و ہند کے عظیم موسیقار ’’کنگ آف ردہم ‘‘ کہلانے والے استاد طافو خان 1945 میں لاہور میں پیدا ہوئے۔استاد طافو خان نے متعدد فلموں کی موسیقی دی، انہوں نے متعدد نامور گلوکاروں کو بھی متعارف کرایا۔
طافو خان نے700 سے زائد فلموں کے گانے بنائے اور میڈیم نور جہاں نے ان کے ان گنت گیت گائے۔ ”سن وے بلوری اکھ والیا“ نے انہیں شہرت کی بلندی پر پہنچایا۔استاد طافو خان گزشتہ کئی ماہ سے گردوں کے مرض میں مبتلا تھے، ان کی نماز جنازہ اتوار کو کریم بلاک علامہ اقبال ٹاؤن لاہور میں ادا کی جائے گی ان کی تدفین شہنشاہ قبرستان میں کی جائے گی۔مرحوم طافو خان کہتے تھے کہ میڈیم نورجہاں ان کے لئے والدہ کا درجہ رکھتی تھیں اور وہ اپنی زندگی میں مجھے اپنے گھر کا فرد بنا کر گئی تھیں۔