لاہور (نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز دیے جانے چاہئیں۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پارٹی رہنماؤں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم میں میرٹ کا نفاذ بہت ضروری ہے، قومی یا صوبائی انتخابات ہوں، پارٹی نے کبھی میرٹ پر سمجھوتا نہیں کیا، پرانے ساتھیوں کو بھی میرٹ پر ہی ٹکٹ دیا جائے۔
نواز شریف نے کہا کہ صوبوں میں جو سرمایہ کاری کی گئی ہے اس کے مقابلے میں این ایف سی ایوارڈ بھی پیچھے رہ جائے گا، صوبوں کے بجائے این ایف سی ایوارڈ کا مناسب استعمال اور اس کا مطالبہ وفاقی حکومت کو خود کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں وفاق پیسے دے بھی دے تو وہ ٹھیک طریقے سے خرچ نہیں ہوتے، این ایف سی ایوارڈ کے پیسوں کے درست استعمال کا ادراک ہونا چاہیے، این ایف سی کوئی بھیک نہیں بلکہ حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز ملنے چاہئیں، وزیراعظم سے سفارش کروں گا کہ جی بی اور آزاد کشمیر کو این ایف سی کے تحت فنڈز دیے جائیں۔ نواز شریف کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں رائے عامہ بہتر ہے، فضا اچھی ہے اسلئے انتخابات میں اچھے نتائج کی توقع ہے۔
نواز شریف نے ستھرا پنجاب منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے نے پنجاب کو ترقی یافتہ صوبہ بنا دیا ہے، صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور پنجاب بھر میں اسپتالوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور دیگر صوبوں کے مریض پنجاب میں علاج کے لیے آ رہے ہیں۔

