لاہور (بیورو رپورٹ) 60ویں نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔پاکستان آرمی کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوخواتین کے تمام ٹائٹل جیت کر پاکستان واپڈا کا غرور خاک میں ملا دیا۔پیر کے روز جمنازیم ہال نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری فائنل مقابلوں اورتقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی تھے انہوں نے فائنل مقابلے دیکھے اور جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے.

ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خضرافضال چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 60ویں نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتا ہوں، چیمپئن شپ سے سامنے آنے والے کھلاڑی انٹرنیشنل سطح پر بھی ملک کا نام روشن کریں گے.

سپورٹس بورڈپنجاب کھیلوں کی ترقی اور ترویج کیلئے تعاون جاری رکھے گا،مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہورہی ہے نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ ہر سال تسلسل سے ہورہی ہے، 60ویں نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کرانے پر انتظامیہ کو مبادکباد دیتا ہوں،ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے مزید کہا ہے کہ کھیلتا پنجاب گیمز میں پنجاب کی تاریخ کے بڑے مقابلے ہوں گے،اس قبل ایسا ایونٹ نہیں ہوا ہوگا.

سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم کھیلتا پنجاب گیمز کی بھرپور تیاریاں کررہی ہے، کھیلتا پنجاب گیمز کے مقابلے انٹرنیشنل معیار کے مطابق ہوں گے۔ 60ویں نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں آرمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مینز اور ویمنز ایونٹس کے ٹائٹلز جیت لیے،مینز سنگلز کا ٹائٹل آرمی کے شاہ خان نے اپنے نام کر لیا، شاہ خان نے فائنل میں واپڈا کے حمزہ اکرم کو 4-1 سے شکست دی ہے.

ویمنز سنگلز کا ٹائٹل آرمی کی حائقہ حسن نے جیتا، حائقہ حسن نے فائنل میں آرمی کی ہی حور فواد کو 4-2 سے ہرایا ہے، مینز ڈبل کے فائنل میں آرمی کے شاہ خان اور فیضان نے ایچ ای سی کے عبید اور تیمور کو3-0 شکست دے دی ہے، شاہ خان اور فیضان نے 3-0 سے کامیابی حاصل کی جبکہ ویمنز ڈبل کے فائنل میں آرمی کی حائقہ اور حور نے واپڈا کی محمودہ اور انعم کو3-0 شکست دی۔

