نیشنل گیمزکیلئے کراچی میں بہترین انفراسٹرکچر موجود ہے:سردار محمد بخش مہر

کراچی(سپورٹس ڈیسک)نیشنل گیمز کراچی کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں،وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر کی زیر صدارت 35 ویں نیشنل گیمز کیلئے سکیورٹی پلان سے متعلق اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری،کمشنر کراچی سید حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، رینجرز حکام، پاکستان اولمپک، سندھ اولمپک سمیت دیگر عملداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں نیشنل گیمز کی افتتاحی و اختتامی تقریبات اورملک بھر سے آنے والے کھلاڑیوں کی سکیورٹی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ نیشنل گیمز کراچی میں یکم تا نو مئی تک منعقد ہونگے، جس میں 31 گیمز کے مقابلے ہوں گے، سندھ پولیس، ٹریفک پولیس اور رینجرز حکام نیشنل گیمز کا سکیورٹی پلان تیار کریں۔ سردار محمد بخش مہر نے مزید کہا کہ کھیلوں کے میدان میں دنیا ہم سے آگے نکل چکی ہے، سندھ میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے، سندھ میں دیگر صوبوں کے مقابلہ میں کھیلوں کا انفراسٹرکچربھی کافی بہتر ہے، ہمیں کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں پر بھی فوکس کرنا ہے، سندھ حکومت نے سندھ گیمز، بیچ گیمز اور سپیشل گیمز کرائیں جس میں بڑی تعداد میں مرد و خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا،ہم سب ملکر نیشنل گیمز سندھ کو کامیاب بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں