کراچی (اسپورٹس رپورٹر)35ویں نیشنل گیمز میں پاکستان آرمی نے گولڈ میڈلز کی سنچری مکمل کرتے ہوئے 113 گولڈ میڈلز کے ساتھ میڈل ٹیبل پر اپنی برتری مزید مستحکم کر لی ہے۔ واپڈا 46 گولڈ کے ساتھ دوسرے اور نیوی 24 گولڈ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ میڈل ٹیبل کے مطابق آرمی کا دستہ 113 گولڈ، 50 سلور اور 34 برانز میڈلز کے ساتھ واضح طور پر سرِفہرست ہے۔
واپڈا کے کھلاڑی 46 گولڈ، 43 سلور، 34 برانز کے ساتھ دوسرے جبکہ نیوی 24 گولڈ، 21 سلور اور 20 برانز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
پنجاب 7 گولڈ، 23 سلور، 32 برانز کے ساتھ چوتھے، ایچ ای سی 6 گولڈ، 29 سلور، 37 برانز کے ساتھ پانچویں، سندھ 6 گولڈ، 15 سلور، 38 برانز کے ساتھ چھٹے اور پاکستان ایئر فورس 6 گولڈ، 11 سلور، 14 برانز کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔
خیبر پختون خوا نے 4 گولڈ، 8 سلور، 30 برانز، بلوچستان نے 2 گولڈ، 6 سلور، 11 برانز، اسلام آباد نے 1 گولڈ، 3 سلور، 4 برانز، ریلوے نے 2 گولڈ، 5 سلور، 17 برانز، پولیس نے 17 برانز، گلگت بلتستان نے 3 برانز اور آزاد جموں و کشمیر نے 1 برانز میڈل حاصل کیا ہے۔
بیڈمنٹن کے کوارٹر فائنلز میں واپڈا کے عرفان سعید، کے پی کے مراد علی، پنجاب کے رضا علی عادل اور واپڈا کے علی لاروش نے مینز سنگلز میں سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ ویمنز سنگلز میں واپڈا کی غزالہ شفیق، آرمی کی الجا طارق، واپڈا کی ماہور شہزاد اور آرمی کی عمارہ اشتیاق نے کامیابی سمیٹ لی۔
دریں اثناء سیکریٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر نے کارساز میں جاری ایتھلیٹکس، شوٹنگ، آرچری، والی بال، فینسنگ اور بیس بال ایونٹس کا دورہ کیا، جہاں ایڈیشنل سیکریٹری کھیل اسد اسحاق، چیف انجینئر اسلم مہر، ڈی ایس او اسماعیل شاہ اور سیکشن افسر علی ڈنو گوپانگ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
سیکریٹری کھیل نے مختلف کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور کہا کہ سندھ حکومت کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

