ویلنگٹن (اسپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ کے سابق مڈل آرڈر بیٹر راس ٹیلر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے تین سال بعد ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کردیا۔ وہ آئندہ ماہ ایشیا ایسٹ، ایشیا پیسیفک ٹی 20 ورلڈ کوالیفائر مقابلوں میں سموا کی نمائندگی کریں گے۔
راس ٹیلر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ میرے لئے انتہائی اعزاز کی بات ہے کہ میں اپنی ثقافت، کلچر، گاؤں اور خاندانوں کی نمائندگی کروں گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اسکواڈ کو جوائن کرنے، ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا تجربہ بانٹنے اور کھیل کو کچھ واپس دینے کیلئے بے حد پُرجوش ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) قوانین کے تحت راس ٹیلر رواں برس کے آغاز میں سموا کی نمائندگی کے اہل ہوگئے تھے۔ ان کے پاس اپنی والدہ کی بدولت ساموائی پاسپورٹ بھی موجود ہے۔
سموا ایسٹ ایشیا پیسفک ریجنل کی ان 9 ٹیموں میں شامل ہے جو ایشیا کوالیفائر کھیلیں گی۔ گروپ مرحلے کے دوران عمان میں سموا کی ٹیم کا مقابلہ میزبان عمان اور پاپوا نیو گنی سے ہوگا۔راس ٹیلر نے نیوزی لینڈ کی جانب سے 112 ٹیسٹ میچوں میں 44.66 کی اوسط سے 7,683 رنز بنائے۔
ون ڈے میں وہ 236 میچوں میں 8,607 رنز اسکور کر چکے ہیں۔ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انہوں نے 102 میچوں میں 1,909 رنز بنائے۔ٹیلر نے نیوزی لینڈ کیلئے آخری مرتبہ 2022 میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلی تھی۔

