نیویارک:نائب وزیر اعظم ، وزیر خارجہ و سینیٹر اسحاق ڈار کا او آئی سی کے رکن ممالک کے سفراء سے خطاب

اقوام متحدہ ،نیو یارک (بیورورپورٹ)نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے مستقل نمائندوں سے خطاب کیا۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ میں او آئی سی کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ بالخصوص، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان فلسطین میں منصفانہ اور پائیدار امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے غزہ میں مستقل جنگ بندی، بلا تعطل انسانی امداد کی فراہمی اور فلسطینی عوام کو بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش کی سخت مخالفت پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستان کی دو ریاستی حل کیلئےمکمل حمایت کا اعادہ کیا، جس میں ایک خودمختار اور قابل عمل فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہو، جو 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں و کشمیر تنازع کے پرامن حل کیلئےاقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اقدامات کرے۔

انہوں نے مشرق وسطیٰ، افریقہ اور ایشیا کے مسلم ممالک کو متاثر کرنے والے تنازعات اور مسائل کے پرامن حل کیلئےپاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی پاسداری پر زور دیا۔ مزید برآں انہوں نے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کی فوری ضرورت کو اجاگر کیا اور اس بڑھتے ہوئے رجحان کا عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کیلئے او آئی سی کی اجتماعی کاوشوں کے تحت اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی جلد تقرری پر زور دیا۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل کے دوران اپنی مدت میں او آئی سی کے تمام رکن ممالک کے ساتھ قریبی تعاون کے پاکستان کے مضبوط عزم کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں