نیویارک:وزیرخارجہ اسحٰق ڈار کی کینیڈین وزیرِخارجہ انیتا آنند سے ملاقات

نیویارک (نمائندہ خصوصی+رائٹرز)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے آغاز سے قبل پیر کو فرانس اور موناکو نے فلسطین کو باضابطہ طور پر ریاست تسلیم کر لیا۔ پاکستان کی نمائندگی کرنے والے وزیرِخارجہ اسحٰق ڈار کانفرنس میں مقررین میں شامل نہیں تھے، تاہم انہوں نے کئی ممالک کی جانب سے فلسطین کو تسلیم کرنے کے اعلانات کا خیر مقدم کیا۔

سرکاری ٹی وی پی ٹی وی نیوز کے مطابق وزیرِخارجہ اسحٰق ڈار نے نیویارک میں کینیڈین وزیرِخارجہ انیتا آنند سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان-کینیڈا تعلقات کی مثبت سمت کو سراہا، اقتصادی و تجارتی روابط مزید بڑھانے پر اتفاق کیا اور کینیڈا میں پاکستانی ڈائسپورا کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔

اس موقع پر اسحٰق ڈار نے ایکس پر شامی صدر احمد الشراء کے ساتھ اپنی ملاقات کی تصویر بھی شیئر کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے شامی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، انسانی وسائل اور ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیرِخارجہ نے خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل جاسیم محمد البداعوی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور جی سی سی کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید وسعت دینے اور کثیرالجہتی تعاون کو مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق وزیرِخارجہ نے اپنے ہنگری کے ہم منصب سے بھی ملاقات کی۔ دونوں فریقین نے باہمی سرمایہ کاری کے تحفظ کے معاہدے کی جلد تکمیل، شہری ہوا بازی میں تعاون کے معاہدے اور براہِ راست پروازوں کے آغاز کے ساتھ ساتھ سفارتی و سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا ختم کرنے کے معاہدے پر بھی اتفاق کیا۔

گزشتہ روز وزیرخارجہ نے یو این ہیڈکوارٹرز میں دولتِ مشترکہ وزرائے خارجہ کے اجلاس میں بھی حصہ لیا تھا۔ وہ قطر کے وزیراعظم و وزیرِخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کی میزبانی میں ہونے والی مشاورت میں شریک ہوئے، جس میں اردن اور یو اے ای کے نائب وزرائےاعظم اور مصر، انڈونیشیا، سعودی عرب اور ترکی کے وزرائے خارجہ شامل تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں