نیویارک:پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کا یوسف رضا گیلانی کے اعزاز میں ظہرانہ

نیویارک (نمائندہ خصوصی) پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کی جانب سے نیویارک میں چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضاگیلانی کے اعزاز میں خصوصی ملاقات اور ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا مقصد پارلیمانی تعلقات کو مضبوط بنانا اور باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔

تقریب کے دوران پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر و صدر زاہد بٹ نے تنظیم کی پانچ سالہ اسٹریٹجک منصوبہ بندی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے تنظیم کی اہم کامیابیوں، جاری اقدامات اور طویل المدتی اہداف پر روشنی ڈالی جن کا مقصد پاکستان اور اونٹاریو، کینیڈا کے درمیان درآمد و برآمد کے کاروبار کو فروغ دینا ہے۔

ایسوسی ایشن کی ڈائریکٹر و نائب صدر شہناز تحسین نے کاروباری مواقع کے فروغ، خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور کاروبار میں خواتین کی کامیابیوں کو نمایاں کرنے کیلئے تنظیم کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کی کاروباری ترقی اور پاکستان و کینیڈا کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں خدمات کو سراہا۔ چیئرمین سینیٹ کے سیکریٹریٹ نے قومی و بین الاقوامی سطح پر ان کی خدمات اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں کردار کو بھی اجاگر کیا۔

اس موقع پر پی بی اے کے قانونی مشیر فرید خان نے کاروباری ضوابط کو مضبوط بنانے، احتساب کے نظام کو بہتر بنانے اور ایسوسی ایشن کے عہدیداران و اراکین کی فعال کاروباری شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو تعریفی شیلڈ پیش کی گئی جو ڈائریکٹرز زاہد بٹ اور شہناز تحسین نے پیش کی، جبکہ چیئرمین سینیٹ نے پی بی اے کے ڈائریکٹرز اور قانونی مشیر کو یادگاری تحائف بھی دیے۔