نیویارک (نمائندہ خصوصی)نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے ڈس ایبلٹی رائٹس پروفیشنل اور ہیلتھ کیئر اسٹریٹجسٹ زینب ودود سے ملاقات کی، جس میں خواتین میں پوشیدہ معذوریوں کو دفاتر اور معاشرے میں اجاگر کرنے اور اس حوالے سے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فوربز میں حال ہی میں نمایاں ہونے والی زینب ودود نے عالمی سطح پر ڈیٹا کی کمی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کم نمایاں طبی مسائل، خصوصاً پاکستان میں، اکثر نظر انداز ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے جزوی سماعت سے محرومی، نیورو ڈیولپمنٹل مسائل اور دیگر غیر واضح رکاوٹوں کا سامنا کرنے والے افراد کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ کمزور ڈیٹا نظام تعلیم، روزگار اور صحت کی سہولتوں تک مساوی رسائی میں رکاوٹ بنتا ہے۔
زینب ودود نے پاکستانی سرکاری اداروں، تحقیقی مراکز اور شمولیتی شعبوں کے ساتھ مل کر ڈیٹا سسٹمز، پالیسی سازی اور ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔ قونصل جنرل نے ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے معذوری سے متعلق شمولیتی ترقی اور پاکستانی اداروں کے ساتھ شراکت داری کیلئےقونصل خانے کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

