نیو یارک:اسحاق ڈار کے اعزاز میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے استقبالیہ

نیو یارک( جہانگیر لودھی سے)نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے اعزاز میں نیو یارک میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے خصوصی استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کونسل جنرل عامر احمد اترزائی اور سفیر رضوان سعید شیخ نے نائب وزیر اعظم کا پرتپاک استقبال کیا، جب کہ مسلم لیگ (ن) امریکہ کے رہنما اور کارکنان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ اس موقع پر کیمونٹی نے ’نواز شریف زندہ باد‘ اور ’پاک فوج زندہ باد‘ کے نعروں سے ماحول گرمائے رکھا۔

اسحاق ڈار نے کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی ہیں، ان کی رہائی کیلئے ہر ممکن سطح پر کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے واشنگٹن میں دیے گئے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے امریکی حکام سے سفارتی و سیاسی سطح پر اپیلیں کیں، حتیٰ کہ سابق صدر بائیڈن کی مدتِ صدارت کے اختتام پر معافی (پارڈن) کیلئےبھی باقاعدہ درخواست دی گئی۔

اپنے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان معاشی بحران سے نکل کر استحکام کی جانب گامزن ہے، اور آئی ایم ایف پروگرام پہلی بار کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک-امریکہ تعلقات اور چین، سعودی عرب سمیت دیگر عالمی شراکت داریوں میں واضح بہتری آئی ہے۔

نائب وزیر اعظم نے یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سمیت کئی اہم رہنماؤں سے ملاقاتوں کی تفصیل بھی کمیونٹی سے شیئر کی۔ انہوں نے خوش خبری سنائی کہ یورپ کے بعد امریکہ سے بھی جلد پی آئی اے کی پروازیں بحال کی جائیں گی۔خطاب کے اختتام پر انہوں نے کمیونٹی کے مسائل سنے، جوابات دیے، احکامات جاری کیے، اور لوگوں کے ساتھ گھل مل کر تصاویر بھی بنوائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں