” (ن) لیگ یہ بھی کہہ دیتی اقبال والا خواب نوازشریف نے دیکھا تھا — چوہدری پرویز الہیٰ

گجرات(نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے تناظر میں خود ساختہ دعوے کر رہی ہے، اور شکر ہے کہ انہوں نے یہ نہیں کہہ دیا کہ علامہ اقبال کا خواب بھی نواز شریف نے دیکھا تھا۔

گجرات میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ (ن) لیگ دعویٰ کر رہی ہے کہ بھارت کے خلاف حالیہ جنگی تیاریوں کا ڈیزائن نواز شریف نے تیار کیا حالانکہ پوری صورتحال کے دوران ان کی جانب سے بھارتی وزیراعظم مودی کے خلاف ایک لفظ بھی سننے کو نہیں ملا۔

انہوں نے مزید کہا کہ “قائداعظم محمد علی جناح کے بعد اگر کوئی عوامی حمایت کا حامل حقیقی لیڈر سامنے آیا ہے تو وہ عمران خان ہیں جنہیں ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ عوامی ووٹ ملے۔”

صدر پی ٹی آئی نے افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج نے قربانیاں دے کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نےکہا کہ “ہماری قیادت نے سب سے پہلے فوج کا ساتھ دینے کا اعلان کیا کیونکہ یہ ملک اور قوم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔”

(ن) لیگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ یہ جماعت عوام کو نہیں بلکہ خود کو دھوکہ دے رہی ہے، کیونکہ آج کا ووٹر باشعور اور بیدار ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ “آج پاکستان کا سب سے مقبول لیڈر وہ ہے جو جیل میں بیٹھا ہے کیونکہ اس نے ہمیشہ قوم کے مفاد کو ترجیح دی ہے۔”

واضح رہے کہ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ایک حالیہ بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ بھارت کے خلاف آپریشن ‘بنیان المرصوص’ نواز شریف کی زیرِ نگرانی تشکیل دیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں