وادی تیراہ / اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)وادی تیراہ میں فتنہ الخوارج کی فائرنگ سے معصوم اور پرامن شہری شہید ہو گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے پر افسوس اور دہشت گردوں کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کی ہدایت کی ہے۔ ٹانک اور جنوبی وزیرستان میں بھی حالیہ دنوں میں مارٹر حملوں سے بچے شہید اور شہری زخمی ہوئے، مقامی افراد نے شدید احتجاج کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وادی تیراہ کے علاقے باغ میدان میں فتنہ الخوارج کی جانب سے پرامن شہریوں پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے پر شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم پاکستانی قوم کے حوصلے کو پست نہیں کر سکتے۔ دہشت گردوں اور فتنہ الخوارج کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، وادی تیراہ کے اس واقعے کے ساتھ ساتھ صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی پے در پے پرتشدد واقعات سامنے آ رہے ہیں۔ رواں ہفتے کے آغاز میں ضلع ٹانک کے رغزئی گاؤں میں ایک مارٹر گولہ گرنے سے دو بچے جاں بحق ہو گئے تھے، جس کے خلاف مقامی افراد نے ٹانک-جنوبی وزیرستان روڈ بند کرکے شدید احتجاج کیا۔
صوبائی مشیر برائے مواصلات و تعمیرات سہیل آفریدی نے بتایا کہ ایک روز قبل بھی ایک مارٹر گولہ ایک رہائشی مکان پر گرنے سے ایک کمسن لڑکی جاں بحق ہوئی۔ 27 جولائی کو اس واقعے کے خلاف شہریوں نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے احاطے کے سامنے احتجاج کیا۔ مظاہرین جب ایف سی کمپاؤنڈ کے قریب پہنچے تو فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں جانی نقصان اور زخمیوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔
سہیل آفریدی کے مطابق، مظاہرین پر فائرنگ کے حوالے سے متضاد اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم ضلعی حکام کے مطابق یہ فائرنگ فتنہ الخوارج یعنی کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں کی جانب سے کی گئی۔
حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ امن و امان کی بحالی کیلئے اضافی سیکیورٹی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کی جانب سے دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔

