واشنگٹن:امریکی صدر ٹرمپ کی آبنائے ہرمز کھلوانے کیلئے اپیل پر دنیا خاموش

واشنگٹن (بین الاقوامی میڈیا)آبنائے ہرمز کھلوانے کیلئےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مدد کی اپیل پر دنیا کی بڑی طاقتیں خاموش دکھائی دیتی ہیں جبکہ امریکی وزیر توانائی نے بھی چین سے تعاون کی امید ظاہر کی ہے۔

جاپان نے آبنائے ہرمز میں اپنے بحری جہاز بھیجنے سے انکار کر دیا۔ جاپانی حکمراں جماعت کے پالیسی چیف کا کہنا ہے کہ جب تک خطے میں کوئی بہت بڑی دہلیز عبور نہیں ہوتی تب تک جاپانی بحری جہاز آبنائے ہرمز نہیں بھیجے جا سکتے۔

چین بھی ٹرمپ کے مطالبے پر خاموش ہے۔ واشنگٹن میں چینی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ چین متعلقہ فریقین کے ساتھ رابطوں کو مؤثر بنانے اور تعمیری کردار ادا کرنے پر کام کر رہا ہے۔امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے بھی چین سے تعاون کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ چین آبنائے ہرمز کھلوانے میں تعمیری شراکت دار کا کردار ادا کرے گا۔

برطانوی وزیر توانائی ایڈ ملی بینڈ نے کہا ہے کہ برطانیہ آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے لیے امریکا اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے اور ممکن ہے کہ بارودی سرنگیں تلاش کرنے والے ڈرون بھی بھیجے جائیں۔

جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ اس نے ٹرمپ کی اپیل کا نوٹس لے لیا ہے اور مشرق وسطیٰ کی صورت حال کا قریبی جائزہ لیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ فرانس اس سے قبل ہی خطے میں اپنے بحری جہاز بھیجنے سے انکار کر چکا ہے۔