واشنگٹن:نیٹو اور اتحادی ممالک کی مدد کی ضرورت نہیں:ٹرمپ برس پڑے

واشنگٹن (ایجنسیاں) ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو، جاپان، جنوبی کوریا اور آسٹریلیا سمیت اتحادی ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو اب ان کی مدد کی ضرورت نہیں رہی۔اپنے بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بیشتر نیٹو اتحادیوں نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں شامل نہ ہونے سے آگاہ کیا، جس کے بعد امریکا کو بھی ان کی مدد کی ضرورت یا خواہش نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ اب امریکا کو جاپان، آسٹریلیا یا جنوبی کوریا سمیت کسی بھی اتحادی کی مدد درکار نہیں۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ ممالک ایران سے متعلق امریکی اقدامات سے متفق تھے، اس لیے ان کے فیصلے پر حیرت نہیں ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نیٹو پر سالانہ اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے جو ان ممالک کے دفاع کے لیے ہیں، لیکن ضرورت کے وقت یہ ممالک امریکا کا ساتھ نہیں دیتے۔امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کی بری، بحری اور فضائی صلاحیتوں سمیت اینٹی ایئرکرافٹ اور ریڈار نظام کو تباہ کر دیا ہے، جس سے یورپی اور مشرق وسطیٰ کے اتحادیوں کو درپیش خطرہ ختم ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بطور صدر وہ یہ سمجھتے ہیں کہ بڑی فوجی کامیابی کے بعد اب امریکا کو نیٹو ممالک کی مدد کی ضرورت نہیں رہی، اور انہوں نے ہمیشہ نیٹو کو ایک یک طرفہ معاہدہ سمجھا ہے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ سب اس بات پر متفق ہیں کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔