واشنگٹن :امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی وینزویلا پر دوبارہ حملے کی دھمکی

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی، غیر ملکی میڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا پر دوبارہ فوجی کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہاں کی قیادت نے تعاون نہ کیا تو امریکا دوسری فوجی کارروائی کر سکتا ہے، جبکہ واشنگٹن وینزویلا کو اپنے کنٹرول میں لے کر بعد میں انتخابات کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا میں قیادت کی گرفتاری کے بعد امریکا ہی انچارج ہے، تاہم کاراکاس میں نئی قیادت سے بھی رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ملک کو چلائے گا، اسے ٹھیک کرے گا اور مناسب وقت پر انتخابات کرائے جائیں گے کیونکہ وینزویلا ایک ٹوٹا ہوا ملک ہے۔

امریکی صدر نے یہ بھی عندیہ دیا کہ اگر کولمبیا اور میکسیکو امریکا کو منشیات کی اسمگلنگ کم کرنے میں ناکام رہے تو انہیں بھی فوجی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “آپریشن کولمبیا” انہیں اچھا لگتا ہے جبکہ وینزویلا کا قریبی اتحادی کیوبا خود ہی گرنے کے قریب ہے اور وہاں فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں ہوگی۔

ٹرمپ نے واضح کیا کہ وینزویلا میں امریکی کارروائی کا مقصد تیل نہیں بلکہ زمین پر امن قائم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران میں مظاہرین کو قتل کیا گیا تو وہاں کی قیادت کو سخت نتائج بھگتنا ہوں گے۔

دوسری جانب وینزویلا کی عبوری رہنما ڈیلسی روڈریگز نے کہا ہے کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئےتیار ہیں اور امریکا کے ساتھ متوازن اور باعزت تعلقات چاہتی ہیں۔واضح رہے کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اس وقت نیویارک کے ایک حراستی مرکز میں قید ہیں اور منشیات کے الزامات پر عدالت میں پیشی کے منتظر ہیں، جبکہ مادورو حکومت کے اعلیٰ حکام نے ان کی گرفتاری کو اغوا قرار دیا ہے۔