واٹس ایپ کا نیا فیچر: گروپ چیٹ میں بیک وقت پیغام لکھنے والے افراد کی تعداد اب واضح

کیلیفورنیا(نیوزڈیسک)انسٹنٹ میسیجنگ ایپ واٹس ایپ نے گروپ چیٹس کیلئےایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے تحت صارفین اب بیک وقت پیغام لکھنے والے تمام افراد کی تعداد بآسانی جان سکیں گے۔

دنیا بھر میں مقبول میسیجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے اپنی سروس میں ایک نیا فیچر شامل کر لیا ہے جس کے تحت گروپ چیٹس میں بیک وقت پیغام ٹائپ کرنے والے افراد کی تعداد اب واضح طور پر دکھائی دے گی۔ اس سے قبل صرف ایک فرد کا نام ظاہر ہوتا تھا جو “typing…” کی صورت میں نظر آتا تھا، تاہم اب یہ عمل مزید بہتر اور معلوماتی بنا دیا گیا ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق، واٹس ایپ نے یہ فیچر بیٹا ورژن 2.25.20.17 میں متعارف کرایا ہے جو فی الحال اینڈرائیڈ صارفین کیلئےدستیاب ہے۔ اس فیچر کے تحت اگر دو یا دو سے زائد افراد ایک ہی وقت میں گروپ چیٹ میں پیغام لکھ رہے ہوں تو صارف کو نوٹیفکیشن بار میں مثلاً “2 people are typing…” جیسا پیغام نظر آئے گا۔

ماہرین کے مطابق، یہ اپڈیٹ ان صارفین کیلئےنہایت مفید ثابت ہو سکتی ہے جو مختلف گروپ چیٹس میں روزانہ درجنوں پیغامات وصول کرتے ہیں۔ اب وہ فوری فیصلہ کر سکیں گے کہ گفتگو میں شمولیت کا صحیح وقت کون سا ہے، یا کچھ دیر انتظار کرنا زیادہ بہتر ہے۔

فیچر فی الحال صرف ٹیکسٹ میسجز کیلئے کارآمد ہے۔ اگر کوئی صارف وائس نوٹ ریکارڈ کر رہا ہو تو پرانی طرز کا “recording audio” صرف ایک صارف کے نام کے ساتھ ہی ظاہر ہوگا۔

واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ یہ فیچر آئندہ چند ہفتوں میں تمام صارفین کیلئے عالمی سطح پر جاری کر دیا جائے گا۔ کمپنی نے مزید بتایا کہ آنے والے دنوں میں صارفین کی سہولت کیلئےمزید اپڈیٹس پر بھی کام جاری ہے۔

واٹس ایپ کی اس نئی اپڈیٹ کو صارفین کی سہولت کیلئےایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے گروپ چیٹس میں رابطہ مزید مربوط اور مؤثر ہو سکے گا۔ ٹیکنالوجی ماہرین توقع کر رہے ہیں کہ مستقبل میں ایسے مزید انٹرفیس تبدیلیاں واٹس ایپ کو دیگر پلیٹ فارمز پر سبقت دلائیں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں