واگن، اونٹاریو (نمائندہ خصوصی/نیوز ایجنسیاں)کینیڈا کے شہر واگن میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ اس وقت پیش آیا جب 46 سالہ مقامی شہری عبدالعیم فاروقی کو گھر میں گھسنے والے حملہ آوروں نے بچوں کے سامنے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ واقعہ نے کمیونٹی کو شدید صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ 31 اگست کو رات ایک بجے کے قریب پیش آیا جب تین مسلح افراد پچھلے دروازے سے گھر میں داخل ہوئے۔ فاروقی نے اپنی بیوی اور چار بچوں کو بچانے کیلئےحملہ آوروں کا مقابلہ کیا مگر فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔ پولیس نے واقعے کو “مالی مفاد پر مبنی” قرار دیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

یارک ریجنل پولیس کے مطابق، تین مشتبہ افراد میں سے ایک مسلح تھا، جو گھر کے پچھلے حصے سے داخل ہوئے۔ عبدالعیم فاروقی نے بہادری سے حملہ آوروں کا سامنا کیا تاکہ اپنے اہلِ خانہ کو بچا سکیں مگر اس دوران فائرنگ کا نشانہ بن کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ حملہ آور موبائل فون چرا کر موقع سے فرار ہو گئے، جن میں سے دو فون بعد میں پولیس نے نزدیکی علاقے سے برآمد کر لئے۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق، اس گھر کو خاص طور پر “مالی فائدہ” کیلئے نشانہ بنایا گیا تھا اور کسی اور محرک کا ثبوت نہیں ملا۔ واقعے کے تقریباً 90 منٹ بعد ایک اور قریبی گھر میں بھی گھسنے کی کوشش کی گئی، تاہم دونوں واقعات کے مابین تعلق کی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس چیف نے اس واقعے کو “انتہائی افسوسناک اور بزدلانہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات سے کمیونٹی میں خوف کی لہر دوڑ جاتی ہے۔ انہوں نے حکومت سے ضمانت کے نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کیا تاکہ خطرناک جرائم میں ملوث افراد کو بار بار رہائی نہ مل سکے۔
عبدالعیم فاروقی کسی بھی مجرمانہ سرگرمی سے منسلک نہیں تھے۔ وہ ایک محترم کمیونٹی ممبر اور “Unique Furnace and Duct Cleaning” کے نام سے کاروبار چلاتے تھے۔ مرحوم کے چار بچے ہیں جن کی عمریں چار سے سترہ سال کے درمیان ہیں۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس حملہ آوروں کے بارے میں کوئی اطلاع ہو تو فوری طور پر یارک ریجنل پولیس سے رابطہ کرے۔ ادھر کمیونٹی کے رہنماؤں اور مقامی شہریوں نے فاروقی کے اہل خانہ سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئےسخت اقدامات کیے جائیں۔

