ورلڈ چیمپئنز آف لیجنڈز لیگ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز

برمنگھم( نمائندہ خصوصی)ورلڈ چیمپئنز آف لیجنڈز لیگ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 5 رنز سے شکست دے دی۔

برطانیہ میں شروع ہونے والی ورلڈ چیمپئنز آف لیجنڈز لیگ کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے میزبان انگلینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ برمنگھم کے ایجبیسٹن گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس ٹی 20 میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔

کپتان محمد حفیظ نے 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جب کہ عامر یامین نے 27 قیمتی رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے لیام پلنکٹ اور کرس ٹریملٹ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں انگلش بیٹرز کو پاکستانی بولرز کی نپی تلی گیندبازی کے سامنے مشکلات کا سامنا رہا۔ انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 155 رنز بنائے اور 5 رنز سے شکست کھا گیا۔ فل مسٹرڈ نے 54 اور این بیل نے ناقابل شکست 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ فِل مسٹرڈ سہیل تنویر کا شکار بنے۔

پاکستان کی جانب سے رومان رئیس، سہیل تنویر اور عامر یامین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان ٹیم کی قیادت محمد حفیظ کر رہے ہیں، جب کہ اسکواڈ میں شاہد آفریدی، فواد عالم، کامران اکمل، عماد وسیم، شعیب ملک، سہیل تنویر، وہاب ریاض، آصف علی، عامر یامین، عمر امین، رومان رئیس، شرجیل خان اور سہیل خان شامل ہیں۔

پاکستان کا اگلا مقابلہ 20 جولائی کو روایتی حریف بھارت کے خلاف ایجبیسٹن میں ہو گا۔ بعد ازاں 25 جولائی کو جنوبی افریقہ، 26 جولائی کو ویسٹ انڈیز اور 29 جولائی کو آسٹریلیا کے خلاف میچز شیڈول ہیں۔ورلڈ چیمپئنز آف لیجنڈز لیگ کے دوسرے سیزن میں انگلینڈ، پاکستان، بھارت، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں