ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: پاکستان چیمپئنز کا ایجبسٹن میں پہلا ٹریننگ سیشن مکمل

برمنگھم (اسپورٹس رپورٹر)ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے آغاز سے قبل پاکستان چیمپئنز ٹیم نے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں اپنا پہلا بھرپور ٹریننگ سیشن مکمل کر لیا۔ سیشن کے دوران کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مختلف ڈرلز میں بھرپور حصہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر سابق کرکٹرز کی اس خصوصی چیمپئن شپ کا آغاز کل 18 جولائی سے انگلینڈ میں ہو رہا ہے۔ پاکستان چیمپئنز ٹیم کی قیادت سابق کپتان محمد حفیظ کریں گے، جب کہ اسکواڈ میں شاہد آفریدی، وہاب ریاض سمیت کئی نامور کرکٹرز شامل ہیں جو ایک بار پھر ایکشن میں نظر آئیں گے۔

پاکستان چیمپئنز ٹیم اپنا پہلا میچ 18 جولائی کو برمنگھم میں انگلینڈ چیمپئنز کے خلاف کھیلے گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوگا۔پاکستان چیمپئنز کا اگلا بڑا مقابلہ 20 جولائی کو برمنگھم ہی میں بھارت چیمپئنز کے خلاف ہوگا۔ اس کے بعد25 جولائی کو لیسٹر میں ٹیم کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے،26 جولائی کو ہیڈنگلے لیڈز میں ویسٹ انڈیز سےاور 29 جولائی کو ایک بار پھر لیسٹر میں آسٹریلیا کے خلاف میچ ہوگا۔

پاکستانی شائقین ایک بار پھر ماضی کے ہیروز کو کرکٹ کے میدانوں میں ایکشن میں دیکھنے کیلئے پرجوش ہیں، اور امید کی جا رہی ہے کہ پاکستان چیمپئنز اپنی شاندار کارکردگی سے چیمپئن شپ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں